سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ ‘پاکستانی ٹیم ملائشیا چلی گئی 


کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم 29 ویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں شرکت کیلئے کراچی سے ملائشیا روانہ ہو گئی۔ایونٹ یکم تا 10 نومبر ملائشیا میں کھیلا جائیگا جس میں 6 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن میں میزبان ٹیم ملائشیا، پاکستان، جاپان، کوریا، جنوبی افریقہ اور مصر شامل ہیں۔شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ یکم نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق 3 بجے سہ پہرجنوبی افریقہ سے‘ دوسرا میچ 2نومبر کو  5 بجے شام ملائشیا سے، تیسرا میچ 4 نومبر کو 1 بجے دوپہر جاپان سے کھیلے گی‘ چوتھا میچ 5نومبر کو 1بجے دوپہر کوریا سے جبکہ پانچواں میچ 7نومبر کو  3 بجے سہ پہر مصر کیساتھ کھیلے گی۔پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر محمد سعید خان نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی پرجوش اور باصلاحیت ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم میں نو کھلاڑی پہلی بار انٹرنیشنل ہاکی ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں جس سے انکو انٹرنیشنل ہاکی میچز کا تجربہ حاصل ہوگا۔ کپتان عمر بھٹہ کی تجربہ کار قیادت میں قومی ہاکی ٹیم ایونٹ میں شرکت کریگی۔ قومی ہاکی ٹیم کو ایسا شاندار اور شایان شان پروٹوکول دیا گیا ہے جس سے کھلاڑیوں کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ پاکستان ہاکی کا ماضی شاندار روایات سے مزین ہے جس کی یاد تازہ ہوگئی۔کراچی سے ملائشیا روانہ ہونے والے قومی ہاکی دستہ میں منیجر سعید خان،کوچز سیگفرائیڈ ایکمین، ایاز محمود ویڈیو انالسٹ ابوذر امراؤ سمیت قومی ہاکی کھلاڑی اکمل حسین، عبداللہ اشتیاق، محمد عبداللہ، عقیل احمد، ارباز احمد، اسامہ بشیر، احتشام اسلم، مرتضیٰ یعقوب، محمد سفیان خان، محمد عمران، ارشد لیاقت، حنان شاہد، محمد عمربھٹہ، ارباز، رومان خان، رانا عبدالوحید،  جنید منظور اور محمد شاہزیب خان شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن