کراچی(اسپورٹس رپورٹر )خواتین کھلاڑیوں و کوچزکو بریسٹ کینسرجیسی مہلک بیماری سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ویمن اینڈ اسپورٹس کمیشن کے زیراہتمام اور کولگیٹ پامولیو پاکستان، سید فائونڈیشن اور کراچی اسپورٹس فائونڈیشن کے اشتراک سے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں خصوصی سیمینار کاانعقاد کیا جس میں اسپورٹس ویمنز، کوچز اور خواتین اساتذہ کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔ ہفتہ کو منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے بین الاقوامی شہرت یافتہ ماہر پروفیسر ڈاکٹر روفینہ سومرو نے کہا کہ ہر آٹھ میں سے ایک عورت اپنی زندگی میں چھاتی کے کینسر کا شکار ہوتی ہے بدقسمتی سے ہمارے ملک میں اس بیماری سے اموات کی شرح سب سے زیادہ ہے کہ چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص سے زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں جس کیلئے آگاہی بہت ضروری ہے شرکا کو اس بیماری کے خطرات، احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر روفینہ سومرو نے کہا کہ اگر ابتدائی مراحل میں مرض کا پتہ چل جائے تو زندہ رہنے کی شرح زیادہ ہوتی ہے ملک میں اس بیماری کے بڑھتے ہوئے کیسز کے تناظر میں انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ چھاتی کا باقاعدہ معائنہ کرائیں اور اگر انہیں کوئی علامات محسوس ہوں تو فوراڈاکٹر سے رجوع کریں سیمینا ر سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی، سینئر میڈیکل آفیسر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ ڈاکٹر شہناز میمن نے کہا کہ چونکہ آگاہی کلیدی حیثیت رکھتی ہے اس لیے میڈیا اس سلسلے میں ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے کیونکہ اس کا پیغام عوام تک براہ راست پہنچ سکتا ہے ہمیں اپنے معاشرے میں خواتین کے ساتھ ساتھ مرد اور خصوصا باپ اور شوہروں کو بھی ا حساس دلانے کی ضرورت ہے کہ جب خاندان کی کسی خاتون میں بریسٹ کینسر کا شبہ ہو تو وہ فوری ایکشن لیں۔ سیمینار سے چیئرپرسن پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ویمن اینڈ اسپورٹس کمیشن فاطمہ لاکھانی،ویمن کمیشن کی سیکریٹری وینا مسعود،کراچی اسپورٹس فانڈیشن کے صدر سید وسیم ہاشمی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
خواتین کھلاڑیوں و کوچزکو بریسٹ کینسرجیسی مہلک بیماری سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے سیمینار
Oct 30, 2022