کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے امدادی کاموں کے سلسلے میں ملک کے صف اول کے کاروباری سماجی ذمہ دار ادارہ ،مانڈیلیز پاکستان لمیٹڈ نے سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر اور آمدن کے پائیدار ذرائع پیدا کرنے کے لئے 22 ملین روپے نقد امداد کا اعلان کیا ہے۔ سیلاب متاثرین کو امداد کی ترسیل یقینی بنانے کے لئے مانڈیلز پاکستان نے اخوت اور انجمن ہلال احمر پاکستان کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔ یہ دونوں ادارے ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے مسلسل کام کررہے ہیں۔ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے تقریباََ 3 کروڑ 30 لاکھ گھرانے متاثر ہوچکے ہیں اور انہیں واپس معمول کی زندگی میں لانے کے لئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنا کردار ادا کرنے کے لئے مانڈیلیز پاکستان لمیٹڈ نے ملبوسات، طبی سامان، خوراک اور دیگر وسیع اقسام کے ضروری سامان کے
ساتھ ساتھ نقد عطیات بھی فراہم کئے ہیں تاکہ سیلاب متاثرین کو امداد میسر ہو اور وہ بحالی کے سفر پر گامزن ہوں۔ یہ عطیات نہ صرف تباہ شدہ گھروں کی دوبارہ تعمیر میں خرچ ہوں گے بلکہ اپنی اور اپنے پیاروں کی تباہ حالی کو بحال کرنے کے پائیدار مواقع بھی فراہم کریں گے۔ مانڈیلیز پاکستان لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر، سمیع اے واحد نے کہا، "مانڈیلیز چینج میکرز ہماری عالمی کمیونٹی کی شمولیت کا پروگرام ہے جس میں اسنیکنگ میڈ رائٹ گہرا تعلق رکھتا ہے اور یہ کمیونٹی کو واپس لوٹا کر انکی زندگیوں میں مثبت اثرات لاتا ہے۔ یہ پاکستان کی قابل ذکر آبادی کیلئے ایک مشکل وقت ہے، لوگ اپنے گھرانوں، آمدن اور پیاروں سے محروم ہوچکے ہیں۔ اگرچہ ملک بھر میں سیلاب کا پانی اتر رہا ہے لیکن اسکے باوجود بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ بطور قوم اور اس سے بھی زیادہ اہم، ایک سماجی ادارے کے طور پر مانڈیلیز پاکستان اپنے پارٹنرز کے ساتھ ملک بھر میں بحالی کے اقدامات کیلئے اپنے کردار کی ادائیگی پر فخر کرتا ہے۔ " انجمن ہلال احمر پاکستان کے صوبائی سیکریٹری کنور وسیم نے اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر مانڈیلیز پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا، "غیرمتوقع سیلاب نے ملک بھر میں تباہی مچادی ہے۔ ہمیں سیلاب متاثرین کی مشکلات کے خاتمے کے لئے مشترکہ کاوشیں کرنے اور متاثرہ گھرانوں کی فوری امداد کرنے کی ضرورت ہے جو اپنے پیاروں سے محروم ہوئے اور سیلاب کے دوران انکی املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ "اخوت کے بانی، ڈاکٹر امجد ثاقب نے مانڈیلیز انٹرنیشنل کی کاوشوں کو سراہا اور کہا، ''مانڈیلیز پاکستان کی نقد سمیت دیگر امداد کے تعاون پر مشکور ہیں۔ اس مشکل گھڑی میں یہ ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے کہ سیلاب متاثرین کے غم اور تکالیف کو بانٹیں اور انکی مدد کریں۔ ایک قوم کے طور پر ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کی بحالی اور ازسرنو تعمیر کے لئے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیئے۔'' مانڈیلیز پاکستان تمام سیلاب متاثرین کیلئے جامع کاوشیں سرانجام دے رہا ہے ، ان متاثرین میں اسکے اپنے ملازمین بھی شامل ہیں جنہیں آفت کی اس گھڑی میں اس غیرمتوقع سیلاب کے باعث شدید نقصانات کا سامنا رہا۔
مانڈیلیز کا سیلاب متاثرین کیلئے 22 ملین روپے کی نقد امداد
Oct 30, 2022