بینک اسلامی نے مالی نتائج کا اعلان کردیا

Oct 30, 2022


کراچی(کامرس رپورٹر)بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ نے 30ستمبر، 2022کو ختم ہونے والی سہ ماہی کیلئے مالی نتائج کا اعلان کردیا۔ نو ماہ کیلئے بینک اسلامی کا آپریٹنگ منافع پروویژنز سے قبل 7.79بلین روپے رہا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 194فیصد زیادہ ہے۔منافع میں اضافہ کی بنیادی وجوہات میں حجم میں اضافہ اور اثاثوں سے حاصل ہونے والی آمدنی شامل ہے جبکہ نان فنڈڈ آمدنی میں اضافہ نے  بھی منافع کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔ موجودہ معاشی صورتحال میں احتیاط کے طور پر بینک کے نو ماہ کے نقصانات کو جذ ب کرنے کیلئے عمومی فنڈز  1.65بلین رہے جو 30ستمبر،2022کو ختم ہونے والے نو ماہ  کے مجموعی مختص فنڈز کے قریب ہیں۔اضافی پروویزنز اور ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ کے باوجود بینک کا 9ماہ کیلئے بعداز ٹیکس منافع 2.85بلین روپے رہا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کیلئے بعداز ٹیکس منافع سے53.7فیصد زیادہ ہے۔بینک کے ڈیپازٹس  نو ماہ کے دوران 12.6فیصد اضافہ کے ساتھ 388.1بلین روپے تک پہنچ گئے جبکہ ستمبر2021 سے 25.5فیصد نمو دیکھی گئی۔ڈیپازٹس میں اضافے کے ذریعے پیدا ہونے والے فنڈز فنانسنگ اور سرمایہ کاری میں لگائے گئے۔ فنانسنگ کا حجم 205.3بلین روپے ہوگیاجو  2022 کے نو ماہ   کے دوران 13.3 فیصد اور ستمبر 2021 سے اب تک 31.9 فیصد نمو کو ظاہر کرتا ہے۔ این بی ایف کا تناسب 8.7 فیصد سے کم ہو کر 8.1 فیصد ہو گیا۔ پروویژنز میں اضافے کے ساتھ (جن میں عام پروویژنز بھی شامل ہے)، کوریج کا تناسب ستمبر 2022 تک 90فیصد سے  97فیصد تک بہتر ہوا۔ منافع میں اضافے اور بینک کے کریڈٹ رسک پروفائل میں بہتری کے ساتھ  بینک کا کیپٹل ایڈوکیسی  ریشو( سی اے ار)  سمتبر 2021کے 14.15فیصد کے مقابلے میں 15.92 فیصد رہا ۔ سرمایہ کاری کے اعتبار سے فنڈز خاص طور پر حکومتی  اجارہ سکوک کی خریداری پر لگائے گئے نتیجتاً 2022 کے نو ماہ  کے دوران سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو میں 11.6 فیصد اضافہ ہوا۔ملک میں غیر معمولی افراط زر کے اثرات سے نمٹنے کیلئے بینک اسلامی نے اپنے کم اور درمیانے درجے کے ملازمین کیلئے مہنگائی الائونس کا اعلان کیا۔حالیہ تباہ کن بارشوں نے ملک بھرکی عوام بالخصوص سیلاب زدگان  کی زندگیوں کو بری طرح متاثرکیا۔بینک اسلامی نے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔ سیلاب زدگان کیلئے عطیات اور روز مرہ کی اشیاء اکٹھا /تقسیم کرنے  کیلئے متعدد اقدمات کیے اور آگاہی مہم چلائیں۔اس کے علاوہ کچھ دیگر اداروںکے اشتراک سے سندھ کے مختلف علاقوں میں طبی کیمپ لگائے جہاں سیلاب زدگان کو مفت علاج اور ادویات فراہم کی گئیں۔ آنے والے دنوں میں بھی بینک اسلامی سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں