کراچی (اے پی پی)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین چھاتی کی کینسر کی بروقت تشخیص کیلئے ہر ماہ پانچ منٹ کیلئے باقاعدگی سے خود تشخیصی کریں، ملک میں اس بیماری سے بچاﺅ کیلئے شرح میں اضافہ کیلئے چھاتی کے کینسر کی بروقت تشخیص ضروری ہے، چھاتی کے کینسر کے پچاس فیصد مریض بروقت تشخیص نہ ہونے کے باعث انتقال کرجاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی بار ایسوسی ایشن میں بریسٹ کینسر آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقامی ہسپتال سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹر کوثر نے چھاتی کے کینسر کی علامات، بروقت تشخیص کی اہمیت، خود تشخیصی کا طریقہ اور صحت مند زندگی گزارنے سے متعلق تفصیلی پریذینٹیشن دی۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے تقریبا 90 ہزار سے 1 لاکھ تک کیسز رپورٹ ہوتے ہیں اور ان میں سے تقریبا پچاس فیصد مریض بریسٹ کینسر تاخیر سے تشخیص ہونے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔خواتین میں علامات کی جلد تشخیص اور ہر مہینہ میں پانچ منٹ کیلئے خود تشخیصی سے متعلق آگاہی پیدا کرکے شرح اموات کو کم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی ماہرین کے مطابق اگر اس کینسر کی تشخیص تیسرے یا چوتھے مرحلہ پر ہو تو پانچ سالہ صحت یابی کی شرح بالترتیب 86 فیصد اور 28 فیصد ہے اور اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ جتنی جلد اس بیماری کی تشخیص کر لی جائے تو بچنے کے امکانات بھی اتنے زیادہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین خود تشخیصی کی عادت اپنائیں اگر وہ اپنی چھاتی پر کوئی گلٹی، غیرمعمولی تبدیلی محسوس کریں تو انہیں فوری میڈیکل ہیلپ حاصل کرنی چاہئے۔ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ وہ اس مقصد کیلئے گزشتہ چار سال سے کام کر رہی ہیں اور اللہ کی رحمت سے آگاہی مہم سے شاندار نتائج آنا شروع ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں باقاعدگی سے چھاتی کے کینسر سے آگاہی سیشن منعقد کئے جارہے ہیں۔ لوگ اس موضوع پر بات چیت کر رہے ہیں۔ ماضی میں اس کو برا سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی مہم اور رپورٹنگ میں اضافہ کے باعث ملک بھر کے مختلف ہسپتالوں میں ابتدائی مرحلہ میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص کی شرح تقریبا دو گنا ہے۔ خواتین وکلا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت مند خواتین صحت مند پاکستان کے خواب کی تعبیر کے حصول کیلئے ناگزیر ہیں۔ فعال خواتین ملک کی معاشی و سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے لیگل پروفیشن بالخصوص کراچی بار ایسوسی ایشن میں تیس فیصد خواتین ارکان کی موجودگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نابینا سفارت کار صائمہ سلیم پاکستانی خواتین کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، انہوں نے ثابت کیا ہے کہ اگر خواتین کو ہنر اور تعلیم دی جائے تو وہ قوم کااثاثہ ثابت ہوسکتی ہیں۔انہوں نے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے پیغام کے پھیلاﺅ پر میڈیا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ملک بھر میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ تقریب میں شریک خواتین وکلا نے چھاتی کے کینسر سے متعلق سوالات پوچھے۔ پینل ڈسکشن کے دوران مقررین نے 2018 سے اب تک چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے حوالہ سے بیگم ثمینہ علوی کی کوششوں کو سراہا۔ یہ ایک مہلک کینسر ہے جس سے پاکستان میں ہر نو میں سے ایک خاتون خطرے کا شکار ہے۔
ثمینہ عارف علوی
جماعت اسلامی کی ماڑیپورروڈ مچھرکالونی واقعے کی مذمت
کراچی(این این آئی) جماعت اسلامی سندھ نے ماڑیپورروڈ مچھرکالونی میں مشتعل ہجوم کی جانب سے اغواکار قراردیکر بدترین تشدد سے دو افراد کوجان سے ماردینے والے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی غیرجانبدارنہ تحقیقات اورملوث تمام ملزمان کوعبرت ناک سزادی جائے۔جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ ماڑیپورواقعہ انسانیت سوز اورقابل مذمت ہے شک کی بنیاد پرقانون کو اپنے ہاتھ میں لیکربے گناہ لوگوں کو جان سے ماردینے کی کسی کوبھی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک سال قبل بھی اسی علاقہ میں اس طرح کا دلخراش واقعہ رونما ہوچکا ہے۔پولیس اورقانون نافذرنے والے ادوروں کی غفلت کوبھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔صوبائی رہنما نے مطالبہ کیاکہ اس طرح کے افسوس ناک واقعات کے سدباب کے لیے حکومت سخت اقدامات اٹھائے۔
چھاتی کے کینسر سے بچاﺅ کیلئے خواتین باقاعدگی سے خود تشخیصی کریں‘ ثمینہ عارف علوی
Oct 30, 2022