فیروزوالہ: بیلف کاچھاپہ‘سی آئی اے سٹاف کے تفتیشی مرکز سے محبوس نوجوان برآمد


 فیروزوالہ( نامہ نگار) ایڈیشنل سیشن جج فرزانہ شہزاد خان کے حکم پر عدالتی بیلف نے اندرون شہر غلہ منڈی میں واقع سی آئی اے سٹاف پولیس کے تفتیشی مرکز میں چھاپہ مارا تو وہاں گاو¿ں موجوکی ملیاں کا نوجوان عامر شہزاد انتہائی تکلیف دہ حالت میں پایا گیا جو 10 روز سے اس مرکز میں محبوس تھا اور اس پر تشدد کیا جا رہا تھا جس سے اس کی ایک ٹانگ بھی کمزور ہوگئی تھی۔ عدالتی بیلف نے سی آئی اے سٹاف کے انچارج کو پابند کیا ہے کہ وہ آج 29 اکتوبر کو خود عامر شہزاد کو عدالت میں لے کر آئے گا۔ بیلف نے عدالت کو رپورٹ دی ہے کہ سی آئی اے سٹاف کے ریکارڈ میں عامر شہزاد کی گرفتاری کا کوئی ریکارڈ نہیں پایا گیا۔ سٹاف کے محرر نے بتایا کہ اسے تھانہ بھکھی کا عملہ سی آئی اے سٹاف چھوڑ گیا تھا۔ فاضل عدالت نے عامر شہزاد کے بھائی عابد علی کی پٹیشن پر بیلف کو چھاپہ مارنے کا حکم دیا تھا۔ پٹیشن میں کہا گیا تھا کہ سی آئی اے سٹاف کا عملہ ان کے گھر میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے داخل ہوا اور پٹیشنر اور اس کے والد کے سامنے عامر شہزاد کو تشدد کرتے ہوئے اٹھا کر گاڑی میں ڈال کر لے گیا۔

ای پیپر دی نیشن