لاہور(سپورٹس رپورٹر)فیفا لسٹ 2023کیلئے ریفری فٹنس ٹیسٹ فٹبال ہاﺅس میں مکمل ہوگئے،محمد علی، یثرب نواز،طلحٰہ سلیم،ارشاد الحق،زبیر شاہد، عجب خان،اعظم علی،محمد ارسلان،عمر فراز، سراج احمد،ماجد علی اور ذیشان گلفام کی فٹنس جانچی گئی،ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد فزیکل ٹرینر، فزیکل انسٹرکٹر اور شرکاءکی پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک اور رکن شاہد نیاز کھوکھر سے ملاقات ہوئی۔ ہارون ملک نے کہا کہ ٹیسٹ کیلئے ہیڈ کوارٹرز آمد پر آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں،فٹبال کیلئے آپ کا جذبہ قابل ستائش ہے،طویل تعطل کے بعد بالآخر پاکستان فٹبال کی ٹریک پر واپسی ہوگئی ہے،کھیل کا مستقبل آپ لوگوں کےساتھ جڑا ہے،امید کرتے ہیں کہ اسی طرح بھرپور لگن سے اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے،این سی ریفریز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کرےگی۔ شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ ریفریز کے بغیر فٹبال کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، اس کھیل میں آپ کا کردار ریڑھ کی ہڈی کا ہے، ریفریز بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں،نارملائزیشن کمیٹی فٹبال سے وابستہ تمام سٹیک ہولڈرز کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی کوشش کررہی ہے۔