پرتھ: آسٹریلیا کے کثیر المقاصد آپٹس اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیدر لینڈز کا مقابلہ آج ہوگا جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کو اپنے پہلے 2 میچز ہار جانے کے بعد سیمی فائنل تک رسائی کیلئے مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم زمبابوے اور بھارت کے ہاتھوں ہار بھلا کر نیدر لینڈز کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہے۔ میچ سے قبل پاکستان کے کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ سیشنز میں شرکت کی۔پاکستانی وقت کے مطابق نیدر لینڈز اور پاکستان کے مابین میچ کا آغاز آج دوپہر 12 بجے ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کے بعد سب سے نیچے آنے والی ٹیم نیدر لینڈز ہے جو پاکستان کی طرح اپنے 2 میچز ہارچکی ہے۔
قبل ازیں نیدر لینڈز کے کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی زمبابوے کے ہاتھوں شکست دیکھنے کے بعد یہ واضح ہوا کہ پاکستان ناقابلِ شکست نہیں۔ نیدر لینڈز کی ٹیم گرین شرٹس کو قابو کرنے کیلئے تیار ہے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ، حارث رؤوف اور شاہین آفریدی ایک جیسے کھلاڑی ہیں جن میں کوئی بڑا فرق نہیں۔
شاہد آفریدی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ زمبابوے کے خلاف آخری اوور میں بیٹنگ کے دوران شاہین آفریدی دوسرے رن کیلئے آہستگی سے بھاگے جبکہ مذکورہ تینوں کھلاڑی تگڑے اور ہٹ مارنے والے کھلاڑی ہیں۔