ریسکیو1122 ٹیم جنوبی ایشیا کی پہلی سرٹیفائیڈ ٹیم بن چکی ہے:وزیراعلیٰ پنجاب

Oct 30, 2022 | 14:34

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب نے ریسکیو سروس ٹیم کو اقوام متحدہ سے سرٹیفیکیشن کی تیسری سالگرہ پر مبارکباد  دی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ انسراگ سے ریسکیو 1122 ٹیم کی سرٹیفیکیشن پاکستان کے لئے اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیم جنوبی ایشیا کی پہلی سرٹیفائیڈ ٹیم بن چکی ہے، یہ ٹیم ملکی اور عالمی سطح پر سانحات پر رسپانس کرنے کی صلاحیت کے لیے سند یافتہ ہے۔پرویز الہیٰ نے کہا کہ ریسکیو ٹیم قومی اور انٹرنیشنل سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کی تربیت کر رہی ہے۔ پنجاب کے 36 اضلاع کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کا اقوام متحدہ انسراگ کی گائیڈ لائنز کے مطابق قیام عمل میں لایا گیا ہے۔انکا کہنا ہے کہ اس کامیابی میں پنجاب ایمرجنسی سروس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر اور ریسکیو 1122 کے ہر ورکرنے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ریسکیو رز دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں. حالیہ سیلاب کے دوران ریسکیو 1122 کی خدمات قابل تحسین رہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ سے سابق رکن قومی اسمبلی میاں طارق محمود او رٹکٹ ہولڈر میاں حسن یوسف ایڈووکیٹ کی ملاقات ہوئی جس میں میاں طارق محمود اور میاں حسن یوسف  نے وزیراعلیٰ پنجاب کو وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے ایک کروڑ روپے کا چیک دیاملاقات میں وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی مالی امداد پر میاں طارق محمود کا شکریہ ادا کیا۔چوہدری پرویز الہیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مدد عبادت سے کم نہیں، صاحب ثروت افراد نے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے دل کھول کر معاونت کی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب اپنے وسائل اور مخیر حضرات کے عطیات سے سیلاب متاثرین کی بحالی کا کام کررہی ہے۔پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز ہوچکا ہے۔

مزیدخبریں