کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) سربراہ جمعیت علماءاسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہودیوں نے جو پاکستان میں ایجنٹ بھیجا اس کو ہم نے شکست دے دی ہے۔ آج یہودیوں کا ایجنٹ مکافات عمل کا شکار ہے۔ اسرائیل کو بھی شکست دیں گے۔ طوفان الاقصیٰ کانفرنس سے خطاب میں قائد جمعیت علماءاسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج ہم نے امریکہ اور یورپ کو پیغام پہنچا دیا، ہم ہر طرح سے فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔ 1967ءمیں اسرائیل نے عرب دنیا پر حملہ کیا تو اس وقت بھی پاکستان کے عوام نے فلسطینیوں کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ آج اسرائیل آواز لگا رہا ہے کہ حماس کسی ہمدردی کا حقدار نہیں، امریکہ اب سپر پاور نہیں رہا۔ مسلم ممالک کو غیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ فلسطین کے عوام پر مظالم کا درد تمام مسلم ممالک میں محسوس ہونا چاہیے۔ دنیا کو اسرائیل کے مظالم دکھائی نہیں دیتے، ہمارے ملک کے حکمران بھی اس بربریت پر چپ سادھ کر بیٹھے ہیں۔ مسلم ممالک پر ظلم و جبر کرنے والے جمہوریت کی بات کس منہ سے کرتے ہیں۔ کراچی اور لاہور سمیت پورے ملک میں جائیں گے، دنیا کی یہودی لابی اور صیہونیوں پر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جب تک فلسطین کو آزادی نہیں ملتی پاکستان سمیت امت مسلمہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ فلسطین کی جنگ آزادی میں برابر کا شریک ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔ دریں اثناءمولانا عبدالغفور حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ فلسطینی بھائی ظلم و بجر کا شکار ہیں۔ جہاں ظلم ہوتا ہے جے یو آئی اسے روکنے کی کوشش کرتی ہے۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پورے ملک میں مظاہرے کئے۔ یورپی دنیا کی معیشت یہودیوں کے کنٹرول میں ہے۔ ہم فلسطینیوں سے مالی تعاون کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔ امریکہ جیسا دہشتگرد سرپرستی کیلئے اسرائیل کو مل گیا ہے۔
پاکستان میں یہودی ایجنٹ کو شکست دی، اسرائیل کو بھی دینگے: فضل الرحمن
Oct 30, 2023