فیک انکاﺅنٹرز کی سپیشلسٹ بھارتی فوج کا ایک اور فالس فلیگ آپریشن بری طرح ناکام ہوگیا اور بھونڈی سازش بے نقاب ہوگئی۔ وادی نیلم کی گریس ویلی ساوناڑ سے تعلق رکھنے والے پانچ نوجوان جڑی بوٹی کی تلاش میں گھر سے نکلے اور واپس نہیں آئے۔ متاثرہ گھر والوں نے گمشدگی کی رپورٹ مقامی پولیس کو درج کروا دی، دو دن بعد اچانک را سے جڑے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس اور بھارتی اخباروں نے جھوٹا اور من گھڑت پراپیگنڈا شروع کر دیا۔ پانچ نام نہاد دہشت گردوں کو پکڑنے کا ڈھونگ رچانا شروع کر دیا ، کچھ دیر بعد ہندوستانی اخباروں اور بھارتی سوشل میڈیا اکاﺅنٹس نے ان پانچ افراد کو مارے جانے کا ڈھونگ بھی شروع کر دیا۔ مودی سرکار سیاسی فائدے اور جگ ہنسائی کو چھپانے کے لیے پاکستان کے خلاف گھٹیا اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ بھارتی ہٹ دھرمیاں صرف اس خطہ تک ہی محدود نہیں اس سے پہلے بھارتی خفیہ ایجنسیز کینیڈا اور انگلینڈ میں سکھوں کو قتل کرنے میں ملوث پائی گئی ہیں جس سے بھارت پوری دنیا میں بدنام ہو چکا ہے۔ کینیڈا میں قتل کیے گئے خالصتان تحریک کے رہنما ہردیپ سنگھ کے قریبی ساتھی گرمیت سنگھ طور نے اہم انکشافات کرتے ہوئے نجی چینل کو بتایا کہ کینیڈین حکومت نے خبردار کیا کہ بھارت مجھے بھی قتل کرنا چاہتا ہے تاکہ خالصتان تحریک کو دبایا جائے۔ اسی طرح کانگریس رہنما راہول گاندھی اور سابق گورنر مقبوضہ کشمیر ستیہ پال ملک کے درمیان 14 اکتوبر کو ہونے والی گفتگو منظرعام پر آئی ہے جس میں بھارت کے خودساختہ پلوامہ ڈرامے کا انکشاف سامنے آیا اور اب جعلی مقابلوں کی ماہر بھارتی فوج کا وادی نیلم میں 5 دہشت گردوں کو پکڑنے کا ڈرامہ بے نقاب ہو گیا۔ہزیمت اور رسوائی بھارتی فوج کا مقدر بن چکی ہے۔ ایک ایک کرکے بھارت کی تمام سازشیں دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہیں مگر حیرت ہے کہ بھارت اپنے کیے پر شرمندہ ہو رہا ہے اور نہ کسی عالمی ادارے کی طرف سے اس کی ان ہٹ دھرمیوں کا نوٹس لیا جارہا ہے۔ بھارتی اوچھے ہتھکنڈے جس نہج پر پہنچ چکے ہیں اس سے یہ تاثر پختہ ہو چکا ہے کہ اسے عالمی طاقتوں بالخصوص امریکہ کی آشیرباد حاصل ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور پاکستان کے فراہم کردہ بھارتی دہشت گردی پر مبنی ڈوزیئرز کی بنیاد پر عالمی سطح پر سخت کارروائی عمل میں لائی جاتی، اس پر اقتصادی اور سفارتی پابندیاں عائد کرکے اسے نکیل ڈالی جاتی مگر اقوام متحدہ سمیت کسی عالمی طاقت، ادارے یا انسانی حقوق کی عالمی تنظیم کی طرف سے بھارتی شرانگیزیوں کی مذمت نہیں کی جارہی۔ دنیا کو اس کا ادراک ہونا چاہیے کہ بھارت خطے میں جس آگ سے کھیلنا چاہتا ہے، اس کی چنگاریاں پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہیں۔ اس لیے عالمی طاقتوں کو بھارتی سازشوں کا فوری اور سخت نوٹس لینا چاہیے۔
بھارت کا ایک اور فالس فلیگ آپریشن ناکام
Oct 30, 2023