لاہور(کامرس رپورٹر ) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ فرنیچر انڈسٹری اس وقت ہنر مند کارکنوں کی شدید کمی سے دوچار ہے جس کی وجہ سے برآمدی اہداف کو پورا کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ گزشتہ روزبورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت میںکہا اس کمی نے صنعت کیلئے ایک بڑا چیلنج کھڑا کر دیا ہے جس سے پیداواری صلاحیت میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے اور آرڈرز کی بروقت فراہمی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ پی ایف سی اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے مہارتوں کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام اور پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے ہنرمندوں کو فرنیچر کے شعبے کی طرف راغب کیا جا سکے۔ ہنر مند لیبر کی کمی پر قابو پانا نہ صرف فرنیچر انڈسٹری کی ترقی کیلئے ضروری ہے بلکہ برآمدی آرڈرز کو بروقت پورا کرنے، صارفین کے اعتماد پر پورا اترنے اور ملکی معیشت کے فروغ کیلئے بھی یہ از حد ضروری ہے۔ پی ایف سی اس مسئلہ کا پائیدار حل تلاش کرنے اور ہنر مند افرادی قوت کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے تاکہ پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جا سکے اور بین الاقوامی مارکیٹ کے آرڈرز کو پورا کیا جا سکے۔