لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملک کے حالات جس نہج پر پہنچ گئے ہیں اب میثاق معیشت ناگزیر ہے۔ ساری قوم سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پاکستان واپسی پر سیاست میں تلخی کا ماحول پیدا کرنے کی بجائے مفاہمت کے پیغام کو سراہتی ہے۔ امید ہے جو بھی نئی حکومت آئے گی وہ میثاق معیشت کی جانب پیشرفت کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت متعددبار میثاق معیشت کی بات کر چکی ہے اس لئے انہیں چاہیے کہ وہ اسے اپنے منشور کا حصہ بھی بنائیں۔ دوسری جماعتوں کو بھی اس کیلئے قائل کیا جائے۔پاکستان اب سیاسی عدم استحکام کا ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا۔ دھرنوں اور احتجاج کی سیاست نے ملک کا بڑا نقصان کیا ہے ، جو بھی حکومت آئے اسے 5 سال پورے کرنے کا موقع ملنا ہے۔ معیشت کو سیاست سے الگ کیا جائے ، حکومت کی معاشی پالیسیوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک خود مختار اور با اختیار باڈی ہونی چاہیے جو پالیسی کا جائزہ لے کر ان پر عملدرآمد اور مانیٹرنگ کی ذمہ دار ہو۔