لاہور(خصوصی نامہ نگار) یو این او میں اسرائیل کی بمباری کی حمایت کرنےوالوں کا چہرہ بے نقاب ہو گیا۔ دنیا اس حقیقت کو جان لے کہ دنیا میں آگ لگانے والے اور انسانوں کا خون بہانے والے یہی لوگ ہیں۔ یہ باتیں جے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے جامعہ فریدیہ تاج کمپنی بند روڈ میں طلباءکی انعامات اور فلسطین کانفرنس اور شیخم مسجد اور مختلف مقامات پر ختم نبوت اور یکجہتی فلسطین کانفرنسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ ان اجتماعات سے مفتی عقیل،مولانا بدرالدین،مولانا محمد سفیان معاویہ، مولانا یونس محمود ،مولانا زوھیر شاہ،قاری حاجی محمد عثمان، قاری محمد ارشد، مولانا وحید الحسن، قاری عاشق تبسم، مولانا مسعود الحسن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ امریکہ دنیا میں انسانیت خصوصا مسلمانوں کے قتل عام میں یہودیوں کا مکمل سرپرست ہے۔ عالم اسلام نے ابھی بھی ہوش کے ناخن نہ لیے یا جرات کے ساتھ فیصلے نہ کیے تو یہ ظالم مزید ظلم کرتے ہوئے انسانوں کی نعشوں کے ڈھیر روندتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔ ان کو روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ظالم کو ظلم سے روکنا عین اسلام ہے۔ غزہ میں نہتے حریت پسندوں نے دنیا پہ یہ بات ثابت کر دی ہے کہ جنگیں اسلحہ کے زور پر نہیں بلکہ ایمانی قوت کے ساتھ لڑی جاتی ہیں۔
یو این او میں اسرائیل کی بمباری کی حمایت کرنےوالوں کا چہرہ بے نقاب :مولانا امجد
Oct 30, 2023