لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام ” لہور لہور اے“ فیسٹول 2023ءکے سلسلے میں ” صوفی رنگ“ تقریبات کا سلسلہ جوش و خروش سے جاری۔ دوسرے روز دربار حضرت میاں میر ؒ پر پروقار اور روح پرور تقریب ہوئی، جس کی صدارت سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہررضا بخاری جبکہ امریکہ سے سردار ڈاکٹر ترنجیت سنگھ بٹالیہ، ڈائریکٹرجنرل مذہبی امور اوقاف آصف علی فرخ سمیت دیگر شخصیات اورحاضرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف نے کہا کہ فیسٹول میں محافلِ سماع کا خصوصی اہتمام روحانی و ثقافتی اقدار کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔ پرامن بقائے باہمی اور معاشرتی امن وامان کو مضبوط بنانے کیلئے صوفیاءکا طرزِزندگی مشعل راہ ہیں۔فیسٹول کے ساتھ ” صوفی رنگ“ کو متصل کر کے خطے میں امن، محبت اور آسودگی کو فراواں کیا جائے گا۔ سردار ڈاکٹر ترنجیت سنگھ بٹالیہ و دیگر مقررین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزارات پر سماع اور” صوفی رنگ“ کے عنوان سے خصوصی محافل کا اہتمام اہالیانِ لاہور کی قلبی اور روحانی آبیاری کا باعث ہے۔اس موقع پر اوقاف آصف اعجاز،مولانا فتح محمد، مولانا مختار احمدندیم، شاہد حمید ورک، اشفاق ڈیال،محمد علی، منیجر ز اوقاف شیخ محمدجمیل، گوہر مصطفی، ضلعی خطباءاوقاف مولانا عمران حنفی اور مولانا عمران سجاد، محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے دیگر آفیسرو علماءبھی موجود تھے۔