مکہ مکرمہ (ممتاز احمد بڈانی) مکہ مکرمہ سے قطر جاتے ہوئے ریاض کے قریب کار ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ میں قطر میں تعینات پاکستانی میجر ارسلان زخمی جبکہ فیملی کے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔ سفارت خانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ میجر ارسلان فیملی کے ہمراہ قطر سے عمرہ کرنے مکہ مکرمہ آئے اور واپسی پر گاڑی کو حادثہ پیش آگیا۔ میجر ارسلان کو مقامی ہسپتال میں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔ حادثے میں میجر ارسلان کی والدہ، بیوی، بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہوگئے۔ پاکستانی سفارتخانہ ریاض دستاویزی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد میتیں راولپنڈی روانہ کرے گا۔ سفیر پاکستان احمد فاروق نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے گہرے افسوس کا اظہارکیا ہے اور میجر ارسلان کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔