کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ملیر سعود آباد شادمان ٹاو?ن میں پولیس اور ڈکیتوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 4 ڈکیت موقع پر مارے گئے جبکہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار اور 2 راہ گیر شہری بھی زخمی ہوئے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح سعود آباد تھانے کے علاقے ملیر سعود آباد شادمان ٹاﺅن جمعہ بازار کے قریب پولیس اور ڈاکوﺅں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4 ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار اور 2 راہ گیرشدید زخمی ہوگئے، زخمی پولیس اہلکار اور راہ گیر شہریوں کو فوری طور پرہسپتال منتقل کر دیا گیا۔مقابلے میں مارے جانے والے ڈکیتوں کے قبضے سے اسلحہ، نقدی، پرس اورچھینے ہوئے 32 موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں گئیں، مقابلے میں مارے گئے ڈکیتوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئیں۔ایس ایچ او سعود آباد محمد علی نیازی کے مطابق ملیر سعود آباد شادمان ٹاﺅن میں روزانہ کی بنیاد پر اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہو رہی تھیں، اس سلسلے میں گشت پارٹی کو علاقے میں تعینات کیا گیا تھا، مسلح ڈکیت دو شہریوں سے اسلحہ کے زور پر موبائل فون چھین کرکے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ایس ایچ او نے بتایا کہ مسلح ڈکیتوں نے پولیس کو دیکھ کر ان پر فائرنگ کر دی جس پر پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی جس میں 4 ڈکیت موقع پر ہلاک ہوگئے، ایک پولیس اہلکار حنیف اور 2 راہ گیر شہری بریر عباس اور زاہد حسین زخمی ہوگئے جنہیں فوری ہسپتال منتقل کیا گیا۔