ق لیگ کا فلسطینیوں سے یکجہتی کیلئے مظاہرہ‘ اقوام عالم حملوں کا نوٹس لے: محمد سرور‘ شافع حسین

Oct 30, 2023

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور اور شافع حسین نے کہا ہے کہ اقوام عالم کو غزہ پر حملوں کا نوٹس لینا چاہئے۔ فلسطینیوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مسلم امہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں اسرائیل کے غزہ پر حملوں کو روکنے کے لئے اقدامات کرے۔ اسرائیل اگر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل پیرا نہیں ہوتا تو اس پر فوری پابندیاں لگائی جائیں۔ لاہور پریس کلب کے باہر فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے کئے مظاہرے میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ مسلمان ممالک اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاث کریں۔ کشمیر میں بھارت جبکہ فلسطین میں اسرائیل نہتے مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کو رہنے کا آزاد رہنے کا پورا حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کو اتنے عرصے گزرنے کے بعد بھی آزاد رہنے کا حق نہیں ملا ہے۔ سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ امریکہ اور یورپی حکومتیں اسرائیل کے ساتھ کھڑی ہیں جبکہ ان کی عوام فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پوری دنیا میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے ہونے کے باوجود وہ خون کی ہولی کھیلنا بند نہیں کر رہا، اگر اسرائیل اقوام متحدہ کی بات نہیں مانتا تو اس پر پابندیاں لگائی جائیں۔

مزیدخبریں