اسرائیلی جارحیت کیخلاف جاپان، بیلجیئم، اسپین اور بھارت سمیت دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے

Oct 30, 2023 | 10:35

غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں اور معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف پاکستان، جاپان، پولینڈ، بیلجیئم، اسپین، مراکش، اور بھارت سمیت دنیا بھر میں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔مظاہرین نے فلسطین کے حق میں اور اسرائیلی مظالم کے خلاف نعریبازی کرتے ہوئے غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا مطالبہ کردیا۔غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے کیلئے ’فلسطین آزاد کرو‘ کے نعرے لگاتے ہوئے اسرائیلی سفارت خانے تک مارچ کیا۔دوسری جانب فلسطینیوں کے مقابلے میں مودی کی اسرائیل کیلئے حمایت کے باوجود بھارتی شہر چنائی میں بھی سینکڑوں افراد فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کرنے کیلئے گھروں سے نکل آئے۔ فلسطینیوں کی نسل کشی روکو، ہمارے نام پر اسرائیل کے پٹھو نہ بنو جیسے پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے مودی حکومت سے اسرائیل کی حمایت نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ادھر پولینڈ اور بیلجیئم میں بھی سینکڑوں افراد نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کردی جبکہ اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں بھی ہزاروں افراد نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ہسپانوی مظاہرین نے اسرائیل نسل پرست ہے کے پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جبکہ مظاہرےکے دوران یہ جنگ نہیں، نسل کشی ہے اور نیتن یاہو قاتل ہے کے نعرے لگائے گئے۔لبنان میں بھی  بیروت کی مسجد کے باہر فلسطین کے حق میں بڑا مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے غزہ میں جنگ بندی اور فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرنے کا مطالبہ کیا۔خیال رہے کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے جاری حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید سینکڑوں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، غزہ پر اسرائیلی بربریت کا نشانہ بن کر تین ہزار بچوں سمیت  شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار سےتجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک 20 ہزار سےزائد زخمی  اور لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں