حزب اللہ نےاسرائیلی ڈرون راکٹ کے ذریعہ مار گرایا۔

اسرائیلی افواج اور حزب اللہ کے درمیان مسلسل جھڑپیں جاری ہیں اور جنوبی محاذ پر کشیدگی برقرار ہے۔ اتوار کی شام حزب اللہ نے اعلان کیا کہ اس نے جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی ڈرون کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے راکٹ کے ذریعہ مار گرایا ہے۔ یہ ڈرون اسرائیل میں ہی گرا ہے۔ اتوار کی صبح اسرائیلی فوج کے توپ خانے نے آگ لگانے والے گولوں سے نقورہ اور دیگر قصبوں کے اطراف کے جنگلات پر بمباری کی۔ اسرائیلی فوج نے حاصبیا ضلع کے قصبے کفر شوبا کی بلندیوں پر بھی دس کے قریب گولے داغے۔ اس کے علاوہ ایک اسرائیلی ڈرون نے عیتا الشعب قصبے میں ایک گھر کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ ہم نے شمالی محاذ پر حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ انہوں نے کہا جو بھی ہماری سرحدوں کے قریب آئے گا اسے مار دیا جائے گا۔اسرائیلی فوج نے لبنان میں ان مقامات کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا جہاں سے شمالی اسرائیل میں ماؤنٹ ہار ڈوف کے علاقے کی طرف گولے داغے گئے۔بعد ازاں لبنان میں حزب اللہ گروپ نے اسرائیلی علاقے ’’مسکاف عام‘‘ پر بمباری کی ذمہ داری قبول کی۔ ایک بیان میں حزب اللہ نے کہا کہ اس نے فنی اور تکنیکی آلات کا ایک حصہ تباہ کر دیا ہے۔لبنان میں اقوام متحدہ کی عبوری فورس (UNIFIL) نے اتوار کو اعلان کیا کہ اس کا ایک رکن اپنی جگہ پر دو گولے گرنے کے نتیجے میں معمولی زخمی ہوا۔ اقوام متحدہ کی فورس نے پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر کہا کہ یہ واقعہ کل ہفتہ کو پیش آیا۔فورس نے یہ بھی اعلان کیا کہ ایک گولہ نقورہ میں اس کے ہیڈکوارٹر پر گرا ہے۔ اس کی افواج پر ان دو حملوں کے بارے میں اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔فورس نے تنازع کے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر فائر بندی کریں۔ یو این فورس نے کہا ہم پر حملہ کرنا جرم اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور اس کی مذمت کی جانی چاہیے۔ بین الاقوامی برادری کو خدشہ ہے کہ تنازعہ کا دائرہ علاقائی طور پر پھیل جائے گا کیونکہ لبنان کے ساتھ اسرائیل کی شمالی سرحد پر کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ ان مسلح جھڑپوں میں لبنانی جانب سے کم از کم 58 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن