چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے صوبہ بلوچستان میں آواران کے علاقے کھوڑو میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی مذمت کی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ۔چیئرمین سینیٹ نے زخمی ہونیوالے سکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں،خطے کے امن کی بقا کے لئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، پاکستان خطے میں امن کے لئے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے، سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔