غزہ میں 1 سال کے دوران 12 ہزار طلبہ شہید، 7 لاکھ سے زائد تعلیم سے محروم

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، ایک سال کے دوران صہیونی فوج نے غزہ میں 12 ہزار کے قریب طلبہ کو شہید کردیا۔

غزہ میں وزارت تعلیم کے مطابق7 اکتوبر 2023 سے اب تک 11 ہزار 852 طلباء شہید اور 18,959 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 7 لاکھ 18 ہزار طلبہ تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہوچکے۔

رپورٹ کے مطابق اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں جانے سے محروم زیادہ تر طلباء کو نفسیاتی اور پیچیدہ صحت کے مسائل کا سامنا ہے

 مغربی کنارے میں بھی 114 طلباء شہید اور 594 زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی اور مغربی کنارے میں کم از کم 560 اساتذہ اور انتظامی عملے کے افراد شہید اور 3,729 زخمی ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیلی فوج نے تعلیم کے شعبے سے وابستہ 148 سے زائد افراد کو حراست میں لیا ہے۔

غزہ کی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ غزہ میں 362 سرکاری اسکول، یونیورسٹیاں اور اقوام متحدہ کے زیر انتظام چلنے والے 65 تعلیمی ادارے بمباری سے تباہی کا شکار ہو چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن