لاہور(سپورٹس رپورٹر)دورہ آسٹریلیا کیلئے پاکستان کرکٹ سکواڈ کے 7 کھلاڑی پہلے مرحلے میں آسٹریلیا پہنچ گئے۔شاہین آفریدی ‘نسیم شاہ‘ بابر اعظم اور حارث روف سمیت سکواڈ کے سات ارکان میلبورن پہنچے ہیں۔پاکستان سکواڈ کے دیگر ارکان گزشتہ رات کراچی سے آسٹریلیا کیلئے روانہ ہوئے۔واضح رہے کہ قومی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 4 نومبر کو کھیلا جائیگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا ، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کیلئے سپورٹ سٹاف کا اعلان کر دیاہے۔ نوید اکرم چیمہ ٹیم منیجر ، جیسن گلیسپی دورہ آسٹریلیا کیلئے ہیڈ کوچ ، ٹم نیلسن دورہ آسٹریلیا میں ہائی پرفارمنس کوچ ہوں گے جبکہ اسسٹنٹ کوچ کی ذمہ داریاں اظہر محمود نبھائیں گے۔محمد مسرور فیلڈنگ کوچ، کلف ڈیکن فزیو، ڈریکس سائمن سٹرینگتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ ہوں گے جبکہ محمد عمران دورہ آسٹریلیا میں مساجر ، زمبابوے اور جنوبی افریقہ میں سرجیو میولن مساجر ہونگے۔ سلیکٹر اسد شفیق تینوں دوروں پر ٹیم کیساتھ ہونگے لیکن سپورٹ سٹاف میں شامل نہیں ہونگے۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے 4 نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کو وائٹ بال کرکٹ ٹیم کا مستقل ہیڈ کوچ بنائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن کے استعفے کے بعد نئے کوچ پر مشاورت کا عمل جاری ہے اور عاقب جاوید کے ساتھ معاملات آخری مراحل میں داخل ہوگئے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ بریک تھرو جلدمتوقع ہے اور حتمی فیصلہ عاقب جاوید کو کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عاقب جاوید سلیکشن کمیٹی کے رکن ہیں اور وہ لاہور قلندرز کے ہیڈکوچ اور ڈائریکٹرکرکٹ آپریشنز بھی رہ چکے ہیں۔عاقب جاوید ہیڈکوچ کے مضبوط امیدوار ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا دوسرا گروپ کراچی سے میلبورن روانہ ہو گیا ۔ کھلاڑی ایمریٹس کی فلائٹ سے آسٹریلیا روانہ ہوئے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آج میلبورن پہنچیں گے۔کپتان محمد رضوان ، نائب کپتان سلمان علی آغا ، عبداللہ شفیق ، عامر جمال ، صائم ایوب ،کامران غلام ، حسیب اللہ اور عرفات منہاس شامل ہیں ۔
7 کھلاڑی آسٹریلیا پہنچ گئے ‘ سپورٹ سٹاف کا اعلان
Oct 30, 2024