لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اور پنجاب آئی ٹی بورڈ نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں‘دونوں ادارے پنجاب میں روزگار کے مواقع بڑھانے اور کاروباری برادری کو موزوں افرادی قوت کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کام کرینگے۔ملازمت کے متلاشی نوجوانوں اور آجروں کے درمیان براہ راست روابط کو فروغ دیا جائیگا۔ ایم او یو پر لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد اور پی آئی ٹی بی کے سینئر پروگرام منیجر شمس الاسلام نے دستخط کیے ۔ صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد نے پنجاب جاب پورٹل کے قیام کو بزنس کمیونٹی اور ہنرمند افرادی قوت کے درمیان مضبوط روابط کیلئے پنجاب حکومت کا اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پلیٹ فارم سے ممبران کو افرادی قوت کی تلاش میں مدد ملے گی۔پی آئی ٹی بی کے سینئر پروگرام منیجر شمس الاسلام نے کہایہ اشتراک پنجاب کی ورک فورس اور آجروں کیلئے ایک نادر موقع ہے۔