غزہ، 119 فلسطینی شہید، صیہونی کیپٹن، 3 فوجی ہلاک: اسرائیل نے یو این ایجنسی ’’انروا‘‘ پر پابندی لگا دی

تل ابیب+ نیویارک+ ہیگ (این این آئی) اسرائیلی پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی انروا پر پابندی کا بل منظور کرلیا۔ انروا سے تعلقات منقطع کرنے اور اسے دہشتگرد تنظیم قرار دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ انروا کے عملے کو اسرائیل کے خلاف دہشتگرد سرگرمیوں پر جوابدہ ہونا چاہیے۔ اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے انروا پر پابندی پر امریکہ کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ برطانیہ نے بھی اسرائیلی پابندی کو غلط قرار دے دیا۔ فلسطین نے پابندی کو یکسر مسترد کردیا۔ ترجمان یونیسیف نے پابندی پر ردعمل میں کہا غزہ کے بچوں کے قتل عام کا نیا طریقہ ہے۔ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 119 فلسطینی شہید ہوگئے۔ جبالیہ میں حماس کے ساتھ جھڑپ میں اسرائیلی کیپٹن اور تین سٹاف سارجنٹ ہلاک ہو گئے۔ حزب اللہ نے نعیم قاسم کو نیا سربراہ لگا دیا۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے ان کی تصویر لگا کر قتل کی دھمکی دے دی۔ جنوبی افریقہ نے آئی سی جے میں اسرائیل کیخلاف نسل کشی کے ثبوت جمع کرا دیئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقا نے غزہ میں اسرائیل کی طرف سے کی گئی نسل کشی کے ثبوت بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں جمع کرا دئیے ۔ ایوان صدر نے کہا کہ اس دستاویز میں ایسے شواہد موجود ہیں جو ظاہر کرتے ہیں کہ اسرائیل کس طرح غزہ میں نسل کشی کے عالمی کنونشن کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ ان شواہد میں غزہ میں رہنے والے فلسطینیوں کو ممنوعہ ہتھیاروں سے مارنا، انسانی امداد تک رسائی سے محروم کرنا، بھوک کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا، جبری نقل مکانی کے ذریعے غزہ پر قبضہ کرنا شامل ہیں۔ ایران کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عامر سعید ایروانی نے کہا کہ امریکہ کی پشت پناہی کی وجہ سے اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا۔ سکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت اسرائیلی حملے میں شریک ہے، اس کے نتائج بھگتے گی۔ سعید ایروانی نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ چارٹر کے تحت ایران اپنے دفاع میں اسرائیل کو جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل اور امریکی اہلکاروں پر مزید حملے کیے تو سنگین نتائج بھگتے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دفاع میں کسی بھی اقدام سے نہیں ہچکچائیں گے، کوئی ابہام نہ رہے۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان براہ راست حملوں کا خاتمہ ہونا چاہیے۔بیت لاہیا میں بے گھر خاندانوں کو پناہ دینے والی پانچ منزلہ رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 109 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے، دیگر واقعات میں چھ فلسطینی شہید ہو گئے جس کے بعد شہید ہونے والوں کی تعداد 115 ہو گئی۔ اکتوبر 2023ء سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 43 ہزار 61 ہو گئی ہے جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن