لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت صوبائی کونسل برائے ایس ایم ایز کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ محکمہ صنعت و تجارت کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سائرہ عمر نے ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور لائحہ عمل بارے تفصیلی بریفننگ دی۔ اجلاس کے دوران ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی نئی سکیم لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ سکیم بنکوں کے اشتراک سے آگے بڑھائی جائے گی، سکیم کے تحت سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں سولر انرجی کے فروغ کیلئے صنعت کاروں کو آسان قرضے دئیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے فروغ میں ایس ایم ایز کا کلیدی کردار ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کیلئے مل کر آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کے فروغ کیلئے 5 سالہ پلان بنایا جا رہا ہے۔