حکومت مشکوک مینڈیٹ سے بنی، سب کو پتہ: مفتاح اسماعیل 

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ مفتاح اسماعیل نے کراچی بار سے خطاب میں کہا ہے کہ حکومت مشکوک مینڈیٹ کے ذریعے بنی ہے، سب کو پتہ ہے کس طرح دھاندلی کی گئی۔ عوام کا مینڈیٹ 2018ء میں بھی  چوری کیا گیا تھا تب لاڈلے کو لا رہے تھے۔ اب من پسند کوئی اور ہے۔ کوئی بھی ترمیم رات کے اندھیرے میں کیوں کی جاتی ہے؟۔ اگر دل میں چور نہیں تو کیوں چھپایا جاتا ہے۔ دنیا میں ٹیکس کے دو نظام ہیں۔ برابر کمانے والے برابر ٹیکس دیں۔ پچاس ہزار تنخواہ دار پر ٹیکس ہے، ہزاروں ایکڑ اراضی پر ٹیکس نہیں۔ اربوں روپے کمانے والے فرٹیلائزر کمپنیوں پربھی ٹیکس  نہیں بڑھایا گیا۔ دس روپے کمانے والا چار روپے ٹیکس دے رہا ہے۔ کیا حکومت ٹیکس کے بدلے سروس دیتی ہے؟۔ گرمی میں بجلی نہیں ہوتی۔ سردی میں گیس نہیں ہوتی۔ ہم ملک کیلئے قربانی دینے کو تیار ہیں۔ یکطرفہ قربانی کیوں دیں؟۔ حکومت قربانی کیوں نہیں دیتی۔ حکومت نے اپنے اخراجات بڑھا دیئے۔ سات سو ارب روپے اڑانے کے بعد حکومت ہم سے قربانی مانگ رہی ہے۔ مہنگائی میں کمی نہیں، مہنگائی بڑھنے کی رفتار کم ہوئی۔ اسے مہنگائی نہیں افراط زر میں کمی کہتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن