اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ سابق ایم این اے چوہدری اعجاز کے گھر چھاپے کا معاملہ پرقومی اسمبلی کے فلور پر ہم نے بات کی۔ ہماری بہن کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ چیف جسٹس اس کا نوٹس لیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں ایف سیون فور میں بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، اسد قیصر، ملک عامر ڈوگر اور اہلیہ چوہدری اعجاز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمر ایوب نے کہا کہ ہمارے ملک میں بہن بیٹیوں کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے اس پر ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی حالت دیکھیں۔ ان سے ملک نہیں چل سکتا۔ ملک کو بچانے کے لئے ایک ہی حل ہے کے فوری الیکشن کروائے جائیں۔ سیکرٹری جنرل تحریک انصاف نے کہا کہ ایک آئینی ترمیم کے لئے یہ سب کیا گیا ہے۔ اس ترمیم کے لئے بہن بیٹیوں کی عزت کی پامالی کی گئی۔ سلمان اکرام راجہ نے کہا کہ ہم پوری قوم سے کہتے ہیں کہ جاگ کر اپنے حق کے لئے آواز اٹھائیں۔ سابق سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ریاست تو ماں کے جیسی ہوتی ہے لیکن یہ کون سی ریاست بنانے جا رہے ہیں۔ اسد قیصرنے کہا کہ بلاول اپنے نانا کی سیاست کو آگے اس طرح سے چلانا چاہ رہے۔ ہم نے سنا ہے کہ اب یہ 27 ویں آئینی ترمیم لانے کی بات کر رہے ہیں۔ اس موقع پر اہلیہ چوہدری اعجاز نے کہا کہ گیارہ اکتوبر کو ہمارے گھر میں چھاپہ مارا گیا، سب کے منہ کپڑے سے ڈھنپے ہوئے تھے، انہوں نے آتے ہی ہمارے گھر کے ملازمین کو مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔ ہمارے گھر کے ملازمین کی نازبیا ویڈیو بنائی۔