لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب حکومت مرحلہ وار وکلاء کے مسائل حل کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ رحیم یار خان، چنیوٹ، لیہ، اور بہاولنگر بار ایسوسی ایشنز کے صدور و جنرل سیکرٹریز نے صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ اور پارلیمانی سیکرٹری قانون خالد رانجھا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بار ایسوسی ایشنز کے صدور زاہد بنگش ایڈووکیٹ (رحیم یار خان)، شیخ مہتاب ایڈووکیٹ (لیہ)، ملک فضل حسین ایڈووکیٹ (چنیوٹ) اور مرزا اعظم (بہاولنگر) شامل تھے۔ جنرل سیکرٹریز بار اور سیکرٹری قانون پنجاب بلال احمد لودھی بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔ بہاولنگر بار کو 50 لاکھ، چنیوٹ بار کو 50 لاکھ، لیہ بار کو 50 لاکھ اور رحیم یار خان بار کو بھی 50 لاکھ روپے کی گرانٹس دی گئیں۔ یہ گرانٹس ای لائبریری، کنٹین، بار رومز کی تزئین و آرائش، سولر پینلز، کتب کی خریداری، بجلی اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے لیے استعمال کی جائیں گی۔ وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ بارز میں خواتین وکلاء کیلئے ڈے کیئر سینٹر قائم کئے جائیں گے۔