پانچ ماہ کے دوران حکومت سے ایک ’’ٹکہ‘‘ فنڈ نہیں ملا: گورنر پنجاب

Oct 30, 2024

لاہور+ راولپنڈی+ کہوٹہ (نیوز رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) گونر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہوٹہ میں  اجتماع سے خطاب کے دوران  کہا کہ بحیثیت گورنر پنجاب حکومت سے ایک ’’ٹکہ‘‘بھی پانچ ماہ کے دوران مجھے کوئی فنڈ نہیں ملا۔ سرکاری سکولوں کی پرائیویٹائزیشن کرنا مناسب نہیں، پورے پنجاب میں کوئی ہسپتال ایسا نہیں جہاں غریب آدمی کا فری ٹرانسپلانٹ ہوتا ہو۔ جبکہ سندھ کے صوبہ بھر میں سرکاری ہسپتالوں میں 10 روپے کی پرچی پر کڈنی اور لیور ٹرانسپلانٹ کے ساتھ ساتھ دل کا بائی پاس، کینسر اور دیگر علاج معالجے کے لیے کروڑوں روپے کا علاج مفت ہوتا ہے۔ موجودہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی کولیشن گورنمنٹ ملک کی محبت میں ہے اور اس میں ہم پھنسے ہوئے ہیں۔ لاہور کے ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں کو تنقید سے ناراض ہونے کی بجائے غریب عوام کی مشکلات حل کرنی چاہیے۔  گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہوٹہ میں غلام ربانی قریشی کڈنی سنٹر ویلفئیر فاونڈیشن کی آٹھویں سالانہ تقریب سے خطاب کیا۔ مرکزی رہنما پیپلزپارٹی سابق ممبر قومی اسمبلی غلام مرتضی ستی، سابق وفاقی وزیر مہرین انور راجہ اور آصف شفیق ستی رہنما پیپلز پارٹی، صدر پیپلز پارٹی ضلع راولپنڈی چوہدری ظہیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ دریں اثناء گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین ڈھوک حسو راولپنڈی میں تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں کالج پرنسپل پروفیسر شازیہ جیلانی، سابق رکن قومی اسمبلی غلام مرتضی ستی، کالج فیکلٹی، طالبات اور دیگر نے  بھی خطاب کیا۔ 

مزیدخبریں