لاہور، اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ خبر نگار) پاکستان پوسٹل سروس کی موجودہ کارکردگی اور خراب مالیاتی ڈسپلن کے حوالے سے وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت فوکل گروپ آف کمیونیکیشن کے اجلاس میں ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے منافع بخش بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مالیاتی پلان طلب کر لیا گیا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ محکمے کے ریونیو میں اضافے کیلئے ملک بھر میں جی پی اوز اور ڈاکخانوں میں نادرا اور پاسپورٹ کائونٹرز قائم کئے جائیں اور تمام ایسے اقدامات بروئے کار لائے جائیں جن سے ادارے کی مالیاتی پوزیشن کو بہتر بنایا جا سکے اور خسارے سے نکال کر یہ محکمہ کم از کم اپنے اخراجات خود برداشت کرنے کے قابل ہو سکے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈاکخانوں کا روایتی سسٹم تبدیل ہو چکا ہے۔ چنانچہ ہمیں بھی نئے تقاضوں کے مطابق کام کرنا ہو گا اور سرکاری اداروں کو غیر ضروری اخراجات کم کرتے ہوئے خود انحصار ی کا رستہ اپنانا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس ادارے کے اخراجات زیادہ اور آمدن کم ہو وہ زیادہ دیر نہیں چل سکتا لہٰذا پاکستان پوسٹل سروس کو بھی حکومتی فنڈز پر انحصار کرنے کی بجائے اپنے وسائل خود پیدا کرنا ہوں گے جس کے لئے وہ ملک بھر میں موجود اپنی بلڈنگز کو کرائے پر دینے سے سمیت تمام آپشنز استعمال کرے۔ عرصہ دراز سے خالی آسامیاں ختم کرنے کے ساتھ ساتھ ریونیو میں اضافے کیلئے ٹھوس تجاویز کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کا ٹاسک مکمل کیا جائے گا۔
پاکستان پوسٹ کو منافع بخش بنانے کیلئے ہنگامی پلان طلب
Oct 30, 2024