دورہ کامیاب رہا، کئی سال کی تمنا  پوری ہوئی، پاکستان رہنے کی حسرت: ذاکر نائیک 

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ پاکستان کا دورہ بہت کامیاب رہا۔ حکومت پاکستان اور چوہدری سالک حسین وزیر اعلیٰ پنجاب و صوبائی حکومت، سلمان خواجہ کا بھی شکر گزار ہوں، گورنر و سندھ حکومت نے بھی بہت خیال رکھا۔ میری امید سے 10گنا زیادہ محبت ملی نے حکومت سے جو انتظامات کئے، وہ الگ لیول کے تھے۔1991ء میں پہلی مرتبہ پاکستان آیا، یہ پہلا آفیشل دورہ ہے، کئی سالوں کی تمنا پوری ہوئی، پاکستان میں  رہنے کی حسرت ہی رہے گی۔ 30 سالوں میں کئی ممالک کے سینکڑوں دورے کئے، لیکن پاکستان میں بہت اچھا لگا، سب نے دل کھول کر استقبال کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی میں نجی ہوٹل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر فرقے مسلک کے لوگوں نے استقبال کیا، جب بھارت سے ملائیشیا ہجرت کی، تو پاکستان کے دورے کا فیصلہ کیا، پاکستانیوں کی محبت دیکھ کر دل خوش ہو گیا۔ پاکستان میں امن محسوس ہو رہا تھا۔ سکیورٹی کے انتظامات اور حکومت کے تعاون پر شکرگزار ہوں۔ مجھے افسوس ہو رہا ہے  پاکستان میں آخری دن ہے مجھے پاکستان میں رہنے کی عادت سی ہو گئی تھی، کئی جگہ مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، چاہے فلسطین ہو کشمیر یا چین، ہم فرقوں میں بٹے ہوئے ہیں، اگر ہم مسلمان ایک ہو جائیں گے تو کوئی ہمیں فٹبال کی طرح لات نہیں مارے گا۔ اللہ کا وعدہ ہے کہ ہمارا دین غالب ہو گا، اللہ تعالی ہمارا امتحان لے رہا ہے، جو فلسطین میں ہو رہا ہے، فلسطین کے ایکسلینٹ مارکس سے پاس ہو جائیں گے ہم فیل ہو جائیں گے، پیغام یہ ہے پاکستان واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر قائم ہوا، جس پر ساری دنیا کی نظر ہے، ہمارا فرض ہے کہ ایک نمونہ بنائیں اور بتائیں کہ اسلام کے نام پر ملک بنا، قرآن اور حدیث پر عمل کریں اور نزدیک آئیں، حکمرانوں کو حکمت سے بات کرنی چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن