لاہور (خبر نگار) لاہور کی احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن ریفرنس پر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس پر سماعت کی فاضل عدالت نے پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ریفرنس پر سماعت کی، دوران سماعت پرویز الہی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی کہ پرویز الٰہی بیمار ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلاء کو دلائل کے لیے طلب کر لیا۔ عدالت نے سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔ محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزموں نے نیب عدالت کا دائرہ اختیار چیلنج کررکھا ہے اور ریفرنس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔ دریں اثناء ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں مونس الٰہی کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ بین الاقوامی پولیس کو بھجوا دئیے۔ سپشل سینٹرل عدالت نے آئندہ سماعت پر پرویز الہی کو ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ لاہور کی سپشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد نے پرویز الٰہی خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے پرویز الٰہی کو پانچ نومبر کو طلب کر لیا۔
پرویز الٰہی کی احتساب عدالت میں ایک روزہ حاضری معافی، مونس کے ریڈ وارنٹ جاری
Oct 30, 2024