اسلام آباد (خبرنگار+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضاگیلانی نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لیے حکومت اور اپوزیشن سے نام طلب کرلیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین سینٹ کی جانب سے حکومت اور اپوزیشن سے دو، دو ارکان کے نام طلب کیے گئے ہیں۔ سینٹ اور قومی اسمبلی سے 4ارکان جوڈیشل کمیشن کے رکن مقرر ہوں گے۔ دوسری طرف تحریک انصاف نے جوڈیشل کمشن میں اپنے نمائندے مقررکرنے کیلئے سات ناموں کی فہرست تیار کر لی۔ لسٹ میں بیرسٹر گوہر علی خان، بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر عمیر نیازی، عمر ایوب خان، اسد قیصر، لطیف کھوسہ اور علی محمد خان کے نام شامل ہیں۔ ناموں کی یہ لسٹ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ بانی چیئرمین عمران خان کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران پیش کریں گے۔ بانی پی ٹی آئی کی منظوری سے حتمی دو ناموں کا فیصلہ ہو گا۔ پارٹی کی جانب سے سرفہرست بیرسٹر گوہر اور علی ظفر کو رکھا گیا ہے۔
جوڈیشل کمشن: چیئرمین سینٹ نے حکومت، اپوزیشن سے نام طلب کر لئے
Oct 30, 2024