اسلام آباد+ کوئٹہ+ پشاور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی+ آئی این پی) پنجگور میں نامعلوم افراد نے ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید ہوگئے۔ ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ پنجگور کے علاقے پروم میں ڈیم پر کام کرنے والے اہلکاروں پر حملہ ہوا۔ ڈیم کی دیکھ بھال پر مامور مقامی افراد پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔ نعشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد تعمیراتی کمپنی کے کیمپ میں سکیورٹی پر مامور تھے۔ مسلح افراد نے کمپنی کی مشینری کو نذر آتش کر دیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 افراد کے قتل کی مذمت کی اور دہشتگرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد ملکی ترقی اور صوبے کی خوشحالی کے دشمن ہیں، دہشت گرد بلوچستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہیے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شرپسند عناصر کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں، بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان کی ترقی کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ شہباز شریف نے حملے میں ملوث افراد کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ صدر نے انسداد پولیو ٹیم پر بھی حملے کی مذمت کی۔ پولیس اہلکاروں کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پنجگور کی تحصیل پروم میں تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم لوگوں پر حملہ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی شخص کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ریاست ایسے عناصر سے سختی کے ساتھ نمٹے گی اور حملہ آوروں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ ادھر خیبر پی کے کے ضلع اورکزئی میں مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہیداور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس اور ایف سی کی بروقت کارروائی میں تین دہشت گرد ہلاک، جبکہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق اپر اورکزئی کے علاقے ڈبوری بادان کلے میں پولیو ٹیم اپنے فرائض انجام دے رہی تھی کہ مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔ ملزموں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ پولیس اور ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گرد ہلاک کردئیے جبکہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ شمالی وزیرستان کے علاقے شیواہ میں 15 مسلح افراد نے 3 پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا۔ پولیس کے مطابق تینوں پولیس اہلکار پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور تھے۔ پولیس نے بتایا کہ شیواہ میں انسداد پولیو مہم معطل کر دی گئی ہے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اپر اورکزئی میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کی۔ سرائے نورنگ کے علاقے کوٹکہ شیر خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سپیشل برانچ کے اہلکار کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ سبی روڈ کوئٹہ گاڑی پر فائرنگ سے دو لیویز اہلکاروں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔