ڈپٹی کمشنر قصور کا گورنمنٹ سکولوں اور ہسپتالوں کا دورہ‘ انتظامات کا جائزہ

قصور (نمائندہ نوائے وقت) ڈپٹی کمشنر قصور نے گورنمنٹ سکولوں اور ہسپتالوں کے اچانک دورہ کئے‘سکولوں میں اساتذہ کی حاضری‘ صفائی ستھرائی‘ تدریس کے عمل اور ہسپتال میں طبی سہولیات اور پولیو ٹیموں کی کارکردگی کو چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے گزشتہ روز گورنمنٹ گرلز ایم سی ہائی سکول منیر شہید کالونی اور گورنمنٹ ایم سی بوائز ہائی سکول روڈ کوٹ کا دورہ کر کے اساتذہ و عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی، انرولمنٹ‘تدریس کے عمل سمیت دیگر سہولیات کو چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاس رومز میں جا کر طلباء و طالبات سے سوالات پوچھے اور کوالٹی ایجوکیشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کوالٹی ایجو کیشن پر بھرپور توجہ دی جائے۔ اساتذہ اپنی محنت اور جانفشانی سے بچوں کو تعلیم و تربیت دیں تا کہ بچے کامیاب ہو کر اپنے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر خان نے رورل ہیلتھ سینٹر گنڈا سنگھ والا اور بنیادی مرکز صحت برج کلاں کا بھی دورہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن