سٹی ٹریفک پولیس مری میں ڈرائیونگ سکول کا آغاز جلد کریگی،مغیث ہاشمی

Oct 30, 2024

 مری (نامہ نگار خصوصی) چیف ٹریفک آفیسر مری مغیث احمد ہاشمی نے کوہسار یونیورسٹی میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی  پرلیکچر دیا۔ اس سیمینار میں پروفیسر ز، طلباء طالبات و دیگر سٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سی ٹی او اور ان کی ٹیم نے سیمینار کے دوران طلبہ کو روڈ سیفٹی،  ڈرائیونگ لائسنس ،زیبرا کراسنگ ،ہیلمٹ کے فوائد اور سیٹ بیلٹ کے استعمال سمیت ڈرائیونگ کے بنیادی اصول اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ شرکائے سیمینار کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصانات سے بچا وممکن بنایا جا سکتا ہے۔ اس دوران سی ٹی او مری نے موٹر سائیکلسٹ کو لائسنس بنانے کے بارے میں کہااور بتایا کہ موٹر سائیکل کے لائسنس کے حصول کیلئے بروز اتوار بھی مری میں ڈرائیونگ لائسنس سنٹر سنی بنک کھلا ہو گا تاکہ طلباء وطالبات کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، ہمارا مقصد روڈ پر چلنے والے ڈرائیورزکو گاڑی یا موٹر سائیکل کو چلانے کے لیے  با اختیار بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ بہت جلد شہریوں کی سہولت کے لیے مری میں سٹی ٹریفک پولیس مری ڈرائیونگ سکول کا آغاز کرے گی۔انہوں نے طلباء اور طالبات کو یہ بھی تاکید کی کہ مستقبل میں دوران ڈرائیونگ روڈ سیفٹی و ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے صبر و تحمل سیڈرائیونگ کریں، ڈرائیونگ کے دوران ہمیشہ سیٹ بیلٹ کا استعمال کرتے ہوئے لین لائن ڈسپلن کو مدنظر رکھیں۔

مزیدخبریں