خیبرپختونخواہ حکومت نے جرمانوں کی وصولی کا آن لائن نظام متعارف کرادیا

 خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبے میں جرمانوں کی وصولی کا آن لائن نظام متعارف کرادیا۔ حکومتی اعلامیہ کے مطابق خیبرپختونخواہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی طرف گامزن ہے، ای گورننس کے فروغ کے لیے صوبائی حکومت کا ایک اور انقلابی اقدام سامنے آیا ہے جس کے تحت صوبائی حکومت نے جرمانوں کی وصولی کا آن لائن نظام متعارف کرادیا، اس مقصد کے لیے وزیراعلی خیبر پختونخواہ علی امین خان گنڈاپور نے ”ڈیجیٹل محاصل“ کے نام سے ای فائنز پورٹل کا اجراء کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس پورٹل کے ذریعے ہر قسم کے جرمانے عائد اور وصول کرنے کے سارے عمل کو ڈیجیٹائز کردیا گیا ہے، ابتدائی طور پر پورٹل کا اجراء ضلع پشاور سے کیا گیا ہے جسے بعد میں دیگر تمام اضلاع تک توسیع دی جائے گی، ابتداء میں ضلعی انتظامیہ کے ماتحت تمام محکمے اور ادارے اس پورٹل کے ذریعے جرمانوں کی وصولی کریں گے، بعد ازاں اس میں ٹیکسز اور دیگر ریونیو کے عمل کو بھی شامل کیا جائے گا، یہ پورٹل جرمانے عائد اور وصول کرنے کا ایک یکساں اور مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جو آف لائن بھی کام کرے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ پورٹل کے ذریعے ٹیکسز، فائنز اور ریونیو کلیکشن کے مجموعی نظام میں شفافیت آئے گی، جرمانے عائد کرنے اور ان کی وصولی میں دھوکہ دہی، غلطی اور ڈپلیکیش کے امکانات ختم ہو جائیں گے، اس سے شہریوں کو پتا چلے گا کہ اُن پر جرمانہ قانونی طریقے سے عائد کیا گیا ہے، شہریوں کو یہ بھی پتا چلے گا کہ جرمانوں کی مد میں اُن سے وصول کی گئی رقم براہ راست حکومت کے خزانے میں چلی گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس سمیت جرمانے عائد کرنے والے محکمے اور ادارے جرمانے عائد اور وصول کرنے لئے لازمی طور پر اس پورٹل کا استعمال کریں گے، آرٹیفشل انٹیلیجنس بیسڈ ڈیش بورڈ بھی اس پورٹل کا حصہ ہے جس پر جرمانوں سے متعلق تمام تر تفصیلات دستیاب ہوں گی، پورٹل کے تحت کیو آر کوڈ فراہم کیا جائے گا جس سے جرمانوں اور ادائیگیوں کی آن لائن تصدیق ممکن ہوگی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا کہنا ہے کہ جرمانوں کی آن لائن ادائیگیوں کے لئے پورٹل کے ساتھ ای پیمنٹ کا نظام بھی متعارف کیا جائے گا، یہ پورٹل نا صرف شہریوں کے لیے ایک جدید سہولت ہے بلکہ اس سے اداروں کی کارکردگی میں بھی اضافہ ہوگا، پورٹل کے مؤثر استعمال سے صوبائی حکومت کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت ای گورننس پالیسی کے تحت تمام شعبوں میں ڈیجیٹائزیشن کے لیے کوشاں ہے، یہ پورٹل صوبے میں ای گورننس کے فروغ کی طرف ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ محکمے اس پورٹل کا موثر استعمال یقینی بنائیں، حتمی ہدف صوبائی محکموں میں پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر اور شفاف بنانا ہے، اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ حکام کو اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن انجام دینی ہوں گی۔

ای پیپر دی نیشن