لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان سکواش فیڈریشن نے جرمنی میں منعقد ہونے والی ورلڈ ٹیم سکواش چیمپئن شپ میں جان بوجھ کر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تین ٹاپ قومی کھلاڑیوں عامر اطلس، یاسر بٹ اور وقار محبوب پر پابندی عائد کر دی جبکہ ناصر اقبال کو سخت تنبیہ کی ہے۔ اس بات کا فیصلہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے 32 ویں ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ٹیم مینجر نے اپنی مکمل رپورٹ پیش کی جس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ ویڈیوز بھی پیش کی گئی تھیں۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی نے عامر اطلس خان پر 2 سال، یاسر بٹ پر ایک سال جبکہ وقار محبوب پر 6 ماہ کی پابندی عائد کرنے کی سفارش کی جسے پاکستان سکواش فیڈریشن کے ایگزیکٹو بورڈ نے منظور کر لیا۔ قومی ٹیم کے چوتھے کھلاڑی ناصر اقبال کو وارننگ دیکر چھوڑ دیا گیا۔ فیڈریشن کے مطابق تینوں کھلاڑی اس پابندی کے دوران کسی قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے اور انہیں فیڈریشن کی جانب سے فراہم کردہ ہر قسم کی سپانسر شپ کے ساتھ ساتھ مراعات بھی واپس لے لی گئی ہیں۔