پاکستان‘ ایران افغانستان کے اتحاد سے خطے کو درپیش خطرات کم ہونگے: مصطفی انجار‘ تجارتی تعلقات بڑھائیں گے: گیلانی

اسلام آباد / کراچی (نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) وزیراعظم یوسف گیلانی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام کے درمیان سماجی‘ معاشی اور تاریخی تعلقات ہیں‘ پاکستان اور ایران پرامن افغانستان کے حامی ہیں اور امن کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان قائم برادرانہ تعلقات کو تجارت اور کمرشل سرگرمیوں تک بڑھائیں گے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم ہاﺅس میں ایران کے وزیر داخلہ مصطفی محمد نجار سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبوں میں تعاون انتہائی اہم ہے جس پر دونوں ممالک پہلے ہی سمجھوتہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے ایران کی جانب سے سندھ کے سیلاب زدگان کیلئے امداد پر شکریہ ادا کیا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایرانی قیادت سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی و تعمیر نو کے لئے بھرپور امداد کرے گی جبکہ توانائی شعبے میں ہونیوالے معاہدوں کے تحت منصوبوں پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان اتحاد سے خطے میں ان ممالک کو درپیش خطرات میں کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایران نے سیلاب متاثرین کے لئے 100 ملین ڈالر کی امداد دی ہے اور متاثرین کیلئے امدادی سامان کی مد میں ایک طیارہ پہلے ہی کراچی آچکا ہے اور طیارہ امدادی سامان لیکر آج کراچی پہنچے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو نئی بلندی تک لے جانا چاہتا ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ نے رحمن ملک سے ملاقات کی۔ دو طرفہ تعلقات، منی لانڈرنگ اور سمگلنگ کی روک تھام اور بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔ دریں اثناءایرانی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ خطے مےں پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، خطے مےں مسائل کی جڑ امریکہ اور نیٹو افواج ہے جس کی وجہ مسلم ممالک مےں اتحاد اور وحدت نہ ہونا ہے، امریکہ کا مسلم ممالک کو دھمکیاں اور مسلم ممالک پر قبضے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، 30 سالوں سے ایران استعماری قوتوں کے سامنے کھڑا ہے، مسلم ممالک بھی باہمی اتحاد سے ان کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، ایران، پاکستان اور افغانستان اپنے وسائل سے خطے کے مسائل حل کر سکتے ہےں۔ وہ کراچی آمد پر ائرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے سیلاب زدگان کی مدد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دریںاثناءمصطفی نجار ایران واپس چلے گئے۔

ای پیپر دی نیشن