چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پاکستان کو پالیسیوں میں تسلسل لانا ہو گا: ترک وزیراعظم‘ دہشت گردی کا حل مذاکرات ہیں: یوسف رضا گیلانی

Sep 30, 2012

انقرہ (آن لائن) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کا حل طاقت کا استعمال نہیں مذاکرات ہیں۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے ترکی کا کردار قابل تعریف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے پی پی پی کے تین رکنی وفد کی قیادت کرتے ہوئے ترکی پہنچنے پر وزیراعظم طیب اردگان سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ترک وزیراعظم طیب اردگان نے کہا کہ ترکی عالمی تناظر مےں پاکستان میں ترقی کو بخوبی دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چیلنجز کے مقابلے کیلئے پالیسیوں میں تسلسل اور سیاسی استحکام لانے کی ضرورت ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دو مرتبہ پارلیمنٹ مدت پوری کرے تو ملک میں تسلسل اور استحکام آ جائےگا۔ ترک وزیراعظم نے دہشت گردی کیخلاف پاکستانی عوام کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔ دونوں اطراف سے اتفاق کیا گیاکہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کیلئے طاقت کا استعمال حل نہیں مفاہمت اور مذاکرات ہی اس کا حل ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کیلئے افغانستان‘ پاکستان اور ترکی کی سہ فریقی عمل میں ترک کردار کی تعریف کی۔

مزیدخبریں