نیو یارک (آن لائن)ترکی نے کہا ہے کہ وہ پاکستان، بھارت مذاکرات کا خیر مقدم اور مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی تمام تر کوششوں کی حمایت کرتاہے۔ یہ بات ترکی کے وزیر خارجہ احمد داﺅد اوگلو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر رابطہ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ مسئلے کے حل کے لئے مذاکرات کا تسلسل ضرری ہے تاکہ پاکستان اور بھارت دونوں اور سب سے بڑھ کر کشمیری عوام کےلئے قابل قبول حل نکال سکیں۔انہوں نے کہا کہ جامع مذاکراتی عمل کے تحت پاکستان، بھارت مذاکرات کا ترکی خیرمقدم کرتا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ جاری کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ نصف صدی سے حل طلب مسئلہ کشمیر کے جنوبی ایشیاءاور اس کے باہر سیاسی و سکیورٹی اثرات ہیں۔ مزید برآں کشمیری عوام کو درپیش چیلنجز اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہماری ہمدردیاں اور قریبی دلچسپی ان کےساتھ ہو۔مسئلہ کشمیر کا حل نہ صرف او آئی سی بلکہ پوری دنیا کےلئے دلچسپی کا باعث ہے۔ ہمیں تنازعہ کے دیر پا حل کےلئے ملکر کوششیں کرنا چاہیں تا کہ تمام فریقوں کے لئے قابل قبول حل نکالا جا سکے۔