کوئٹہ (این این آئی ) بلوچستان کے علاقے خضدار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پریس کلب کے جنرل سیکرٹری اور اے آر وائی نیوز کے نمائندے کو گولی مار کر قتل کردیا۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری اور اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ خضدا رپریس کلب کے جنرل سیکرٹری اور اے آر وائی نیوز کے نمائندے عبدالحق بلوچ کام ختم کرنے کے بعد گھر کے لئے روانہ ہوئے تھے جیسے ہی پریس کلب سے نکلے تو نامعلوم موٹرسائیکلوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ عبدالحق بلوچ کے قتل کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ صحافیوں، سیاسی کارکنوں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچ گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک کالعدم تنظیم نے خضدار میں صحافیوں کو جان سے مار دینے کی دھمکی دی تھی۔ دریں اثناءبلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے خضدار پریس کلب کے جنرل سیکرٹری اور اے آر وائی نیوز کے نمائندے عبدالحق بلوچ کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافت اور صحافی برادری کے دشمنوں نے ایک بار پھر معاشرے کے ذمہ دار شخص کے خون سے اپنے ہاتھ رنگ لئے۔
خضدار پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عبدالحق بلوچ کو قتل کر دیا گیا
Sep 30, 2012