لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت اور ترک کمپنی البراک کے درمیان گذشتہ روز استنبول میں میٹرو بس سروس پراجیکٹ کے لئے بسوں کی خریداری کے معاہدہ پر دستخط ہوئے جبکہ پنجاب حکومت کے ادارے واسا اور ترک کمپنی افکی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے، معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، گورنر استنبول مہمت موتلو، میئر استنبول قادر توپباش، چیئرمین ایل ٹی سی خواجہ احمد حسان، ایم پی اے مہر اشتیاق احمد اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ بسوں کی خریداری کے معاہدے پر پراجیکٹ ڈائریکٹر میٹرو بس سروس سبطین فضل حلیم اور ترک کمپنی کے نمائندے نے دستخط کئے۔ اس معاہدے کے تحت البراک کی ذیلی کمپنی پلیٹ فارم میٹرو بس سروس کیلئے بسوں کی فراہمی، دیکھ بھال اور آپریشن کے امور سرانجام دے گی جبکہ پنجاب حکومت تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔ پنجاب حکومت کے ادارے واسا کی طرف سے سیکرٹری خزانہ پنجاب طارق باجوہ اور ترک کمپنی افکی کے نمائندے نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت ترک کمپنی افکی لاہور سالڈویسٹ مینجمنٹ کی طرز پر واسا کی تشکیل نو کرے گی اور واسا کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔ تقریب اور عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاکہ وہ ترکی کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ ترکی کی حکومت اور کمپنیاں پنجاب کی ترقی و خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ ٹرانسپورٹ، سالڈویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں ترک کمپنیوں کا تعاون قابل ستائش ہے۔ پنجاب میں ترک کمپنیوں نے 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور مستقبل میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ ترک سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور دوطرفہ تعلقات میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔ استنبول میں پنجاب انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بورڈ کی طرف سے گورنر و میئر استنبول، ترک کمپنیوں کے سربراہان اور اعلیٰ شخصیات کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ عشائیہ میں استنبول کے گورنر مہمت موتلو، مئیر قادر توپباش، استنبول کی کمپنیوں کے سربراہان، اعلیٰ شخصیات اور پاکستانی وفد کے ارکان نے شرکت کی۔ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاک ترک دوستی وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے، ترکی کی بے مثال اور تیز رفتار ترقی پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئے رول ماڈل بن چکی ہے اور پاکستان خصوصاً پنجاب حکومت ترکی کی ترقی سے استفادہ کرکے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ پنجاب حکومت غیرملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات اور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ترک سرمایہ کار پنجاب میں توانائی، ٹرانسپورٹ، تعمیرات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مختلف شعبوں میں تعاون پر وہ ترک صدر عبداللہ گل، وزیراعظم رجب طیب اردگان اور میئر استنبول قادر توپباش کی کاوشوں اورذاتی دلچسپی کے بے حد ممنون ہیں۔ میئر استنبول نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی پنجاب کے عوام کے لئے انتھک اور بے لوث خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی شہباز شریف صوبہ پنجاب کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے حقیقی معنوں میں اقدامات کر رہے ہیں۔گورنر استنبول نے بھی عشائیہ سے خطاب کیا اور پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے روین سٹی میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں پنجاب حکومت کی طرف سے یتیم بچوں کی رہائش کیلئے ہوسٹل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا اور متاثرین زلزلہ میں امدادی اشیا تقسیم کرنے کے بعد ایک بڑے شہری استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جس طرح ترک بھائیوں نے مصیبت کی گھڑی میں ہماری مدد کی، ہم بھی مشکل وقت میں ان کی مدد کرنے آئے ہیں۔ انہوں نے زلزلے کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ جب وین سٹی کے متاثرہ علاقوں کے دورے پر پہنچے تو گورنر وین مسٹر منیر کاروگلو، ممبر پارلیمنٹ برہان کیا ترک اور معززین علاقہ نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔