لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ منموہن سنگھ کی جارحانہ اور الزاماتی بیان بازی کے بعد بھارت سے دوستی کی باتیں کرنے والوں کی آنکھیں کھل جانی چاہییں۔ میاں نوازشریف نے کشمیر پر اصولی موقف اپنا کر پاکستان اور کشمیریوں کی امنگوں کی ترجمانی کا حق ادا کردیا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا یواین او کی قرار دادوں کے مطابق حل اور ڈرون حملے روکے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ طالبان سے مذاکرات پر قومی اتفاق رائے کو ردی کی ٹوکری میں نہیں پھینکنا چاہیے۔پشاور دھماکوں میں تیسری طاقت ملوث ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ اور یورپ کے دورے سے واپسی پر ایئر پورٹ پر کارکنوں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔