اسلام آباد (اے پی پی) الیکشن کمیشن کی جانب سے ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کو اپنے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرانے کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن (آج) پیر کو ختم ہوجائیگی۔ اتوار کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں صوبائی اسمبلی پنجاب میں ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے دو کامیاب ارکان نے اپنے گوشوارے جمع کرائے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق راجن پور سے کامیاب پنجاب اسمبلی کے ارکان سردار نصیر اللہ خان دریشک اور سردار علی رضا خان دریشک نے اتوار کو الیکشن کمیشن اسلام آباد سیکرٹریٹ میں اپنے اثاثہ جات کے گوشوارے جمع کرائے۔ اب تک الیکشن کمیشن کو ساڑھے 4سو سے زائد اراکین نے گوشوارے جمع کرائے ہیں جبکہ 700تک ارکان نے یہ گوشوارے ابھی جمع کرانے ہیں۔