اسلام آباد (محمد نواز رضا‘ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف کی بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ سے نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں کوئی ’’بریک تھرو‘‘ ہوا اور نہ ہی دونوں اطراف کی ’’برف‘‘ پگھلی۔ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات ایک دوسرے پر ’’الزامات اور صفائی‘‘ تک ہی محدود رہی۔ وزیراعظم نواز شریف اپنی بات منوا سکے اور نہ ہی بھارتی وزیراعظم کے مؤقف کو پذیرائی حاصل ہوئی۔ طویل عرصہ کے بعد میاں نواز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر کو پوری جرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ سے ہونے والی ملاقات کے نتائج کی پرواہ کئے بغیر مسئلہ کشمیر کو اقوام عالم کے سامنے اٹھایا جس کا اگلے ہی روز بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے دیا۔ وزیراعظم نواز شریف کی بھارتی وزیراعظم من موہن سے ملاقات میں بڑی بات ان کو دورہ پاکستان کی دعوت دینا ہے۔ یہ ملاقات اس لحاظ سے اہمیت رکھتی ہے کہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم‘ کشیدگی کے ماحول میں مل بیٹھنے پر رضامند ہوئے ہیں۔ ملاقات کے حوالے سے کوئی چونکا دینے والی بات منظر عام پر نہیں آئی۔
بریک تھرو ہوا نہ برف پگھلی‘ نواز منموہن ملاقات الزامات اور صفائی تک محدود
Sep 30, 2013