سادھوکے + چنیوٹ+ پسرور + اوکاڑہ (نامہ نگاران) سادھوکے میں 7 سالہ بچے، چنیوٹ، پسرور میں 2 لڑکیوں، اوکاڑہ میں لڑکے سے زیادتی۔ تفصیلات کے مطابق سادھوکے میں اوباش نوجوان نے 7 سالہ بچے کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ گزشتہ شام نواحی گائوں ماڑی ٹھاکراں کے محمد رمضان کا بیٹا گھر سے کھیلنے کیلئے گیا تو گائوں کے علی رضا نے اسے ویرانے میں لیجاکر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ صدر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ علاوہ ازیں چنیوٹ کے چک نمبر 128 ج ب کے علاقہ میں ملزم تصور نے لڑکی (م ت) کو اغوا کرنے کے بعد زبردستی بے آبرو کر ڈالا۔ پسرور میں تھانہ صدر کی حدود میں واقع موضع کوٹلی باوا فقیر چند میں شادی شدہ شخص حفیظ نے محنت کش پرویز اختر کی بیٹی الف کو ایک ماہ قبل بہانے سے اپنے گھر میں بلا کر بے آبرو کر دیا۔ لڑکی شرم کے مارے خاموش رہی۔ گزشتہ روز ملزم لڑکی کو اکیلا پا کر اس کے گھر میں داخل ہو گیا اور دوبارہ اس کی عزت لوٹنے کی کوشش کی جس پر لڑکی نے شور مچا دیا جس پر لوگ جمع ہوگئے۔ اوکاڑہ میں چک نمبر16ون ایل کے رہائشی ندیم نے پولیس کو درخواست دی ملزم ذوالفقار عرف زلفی نے اسے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ اس کے دو ساتھی ملزم پہرہ دیتے رہے۔
سادھوکے میں 7 سالہ بچے، چنیوٹ اور پسرور میں 2 لڑکیوں سے زیادتی
Sep 30, 2014