کوئٹہ، قلات، تربت، پنجگور میں فائرنگ، تھانیدار سمیت 10 افراد جاں بحق

Sep 30, 2014

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ، قلات، تربت، پنجگور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک تھانیدار سمیت 10افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق تربت کے علاقے سے لیویز نے ایک شخص کی گولیوں سے چھلنی نعش قبضے میں لے لیکر ہسپتال پہنچادی جس کی شناخت زاہد علی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ تربت کے علاقے میں ہی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے غوث بخش کو ہلاک کردیا۔ دوسرے واقعہ میں نال میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص غلام رسول کو ہلاک کردیا۔ پنجگور میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایرانی ڈیزل لیکر آنے والے عبداللہ کو ہلاک کردیا۔ قلات میں نامعلوم افراد نے ٹیوب ویل پر کام کرنیوالے عبدالسلام کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے جبکہ قلات کے علاقے پرور میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ اسی طرح حب میں بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے طاہر کو ہلاک کردیا اورفرار ہوگئے۔ اورماڑہ کے علاقے سے لیویز نے ایک نامعلوم شخص کی نعش قبضے میںلیکر ہسپتال پہنچادی۔ ادھر فکوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے ایک شخص امدان کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ علاوہ ازیں نواحی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ائرپورٹ پولیس میں تعینات تھانیدار رحیم کو ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ ادھر ایف سی نے 28 پاکستانی باشندوں کو گرفتار کرکے ایف آئی اے کے حوالے کردیا جو غیرقانونی طور پر ایران جا رہے تھے۔

مزیدخبریں