لاہور ( معین اظہر سے )آزاد کشمیر رجمنٹ کی طرف سے جیلوں کے وارڈن کی ٹریننگ کے لئے زیادہ رقم مانگنے اور ہوم سیکرٹری کی درخواست پر ٹریننگ کی رقم کم کرنے سے انکار پر ہوم سیکرٹری پنجاب نے جی ایچ کیو کو لیٹر لکھ دیا جس کی کاپی سیکرٹری ڈیفنس اور سیکرٹری وزارت داخلہ کو بھی بجھوائی گئی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ سال جیلوں کے وارڈن کی ٹریننگ فوج سے کروائی گئی تھی فوج نے ٹریننگ کے لئے 5843 روپے فی وارڈن وصول کئے تھے جبکہ آزاد کشمیر رجمنٹ اس وقت فی وارڈن 10500 روپے مانگ رہے ہیںجی ایچ کیو رقم کم کروانے کے لئے مدد کرے۔ ہوم سیکرٹری پنجاب نے اس رجمنٹ کے کمانڈر سے ان کے دفتر میں ٹریننگ اخراجات کم کرنے کے لئے میٹنگ کی تھی لیکن کمانڈر نے ٹریننگ کی رقم کم نہیں کی۔ تفصیلات کے مطابق ہوم سیکرٹری پنجاب کی طرف سے جی ایچ کیو کے چیف آف جنرل سٹاف، وائس چیف آف آرمی سٹاف کو لیٹر لکھا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت پنجاب میں 32 جیلیں کام کر رہی ہیں جبکہ ایک ہائی سکیورٹی جیل ساہیوال، جبکہ بھکر، لیہ، اوکاڑہ، اور پاکپتن، میں نئی جیلیں جلد ہی کام شروع کر دیں گی جس کے لئے نئے سٹاف کی بھرتی کا کام بھی مکمل ہو گیا ہے اسلئے سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر جیل کے عملے کے لئے ٹریننگ کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے اس کے لئے ساہیوال میں جیل ٹریننگ کالج بھی بنایا جارہا ہے۔ موجوہ دہشت گردی کی صورتحال کے پیش نظر جیلوں کی سکیورٹی انتہائی اہم ہو گئی ہے کیونکہ جیلوں کے اندر ہائی پروفائل دہشت گرد قید ہیںخصوصاً بنوں جیل پر دہشت گرد حملے کے بعد حکومت پنجاب نے جیلوں کے عملے کے لئے کی کارکردگی کو بہتر کرنے کے لئے وارڈن کی ٹریننگ کا فیصلہ کیا تھا تاکہ وہ کسی خراب امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرسکیں اسلئے نئے بھرتی ہونے والے وارڈن کی فوری ٹریننگ کی ضرورت ہے۔ ہوم سیکرٹری نے اپنے لیٹر میں کہا ہے کہ اس وقت ایک ہزار وارڈن کی فوری جبکہ 3 ہزار نئے وارڈن جو بھرتی ہو رہے ہیں ان کی بھی ٹریننگ کروانی ہے۔ اسلئے حکومت پنجاب کی درخواست ہے کہ فوج کی ہائی کمان اس مسئلہ پر مداخلت کرتے ہوئے آزاد کشمیر رجمنٹ کو کم پیسوں پر ٹریننگ کے احکامات جاری کر ے تاکہ ٹریننگ کے عمل کو آگے بڑھایا جائے۔